دھرتی ماں

 دھرتی ماں

ماں میں آپ سے بہت پیار کرتا ہوں ،آپ کے لئے جان بھی دے سکتا ہوں ،آپ کے بغیر میری زندگی ادھوری ہے میری ہر خوشی آپ کے دم سے ہے ماں آپ میری زندگی ہیں یہ دیکھیں میں آپ کی سالگرہ کے لئے کتنا بڑا کیک لے کر آیا ہوں گھر کو کتنی خوبصورتی سے سجایا ہے ۔ہاں بیٹا یہ سب تو ٹھیک ہے میں تمہارے جذبات اور احساسات کی قدر کرتی ہوں لیکن اپنی کے جذبات کے اظہار کے لئے تمھیں یہ سب کرنے کی ضرورت نہیں تھی تم ابھی بمشکل اپنا خرچہ بھی نہیں اٹھا پاتے اور اتنا خرچہ وہ بھی صرف ایک دن کے لئے ۔اب تمہارا سارا مہینہ مشکل میں گزرے گا ۔اور دیکھو میری صحت بھی خراب رہتی ہے مرے علاج کے لئے پیسے درکار ہیں ۔گھر کے حالت دیکھو پینٹ خراب ہو رہا ہے کچن میں کھانا پکانا ایک عذاب سے کم نہیں گھر کے باہر کی دیوار ٹوٹی ہوئی ہے کوئی بھی چور گھر میں داخل ہو سکتا ہے ۔ ہمارے خرچے زیادہ ہیں اور آمدن کم ہر مہینے کسی عزیز رشتے دار یا کسی صاحب ثروت انسان کے آگے ہاتھ پھیلانا پڑتا ہے پھر جا کر بل ادا ہوتے ہیں اور کھانے کا خرچ پورا ہوتا اور پہلے سے لئے قرضوں کی قسط ادا ہوتی ہے ان   حالات میں اس طرح کے چونچولوں سے محبت کا اظہار میری سمجھ میں تو نہیں آتا ۔ماں آپ کو میری محبت کی قدر نہیں ہے میں نے اتنے پیار سے یہ سب کچھ کیا اور لیکچر دینا شروع ہو گئی ہیں۔میں لیکچر نہیں دی رہی میں حقیقت کی نشان دہی کر رہی ہوں ہر چیز ایک وقت پر اچھی لگتی ادھار سے ضرورت پوری کی جاتی ہے بیٹا عیاشی نہیں کی جاتی تمھارے بڑوں نے بھی تمہاری والی حرکتیں کی تھیں اور آج اپنے گھر کی حالت دیکھ لو اگر تم بھی اپنے فرائض سے پہلوتہی کرو گے اور یہ نمائشی حرکتیں کرتے رہو گے تو سوچو حالات کیسے ٹھیک ہوں گے ؟
دوستو سوچئے ہم بھی اپنی دھرتی ماں کے ساتھ یہی کچھ تو نہیں کر رہے ؟ ہماری بھی وطن سے محبت نمائشی تو نہیں ؟ وطن پر قربان ہونے کو تو ہم تیار ہیں لیکن ٹیکس دینے کو تیار نہیں ۔ہم دوسرے ملکوں کو تباہ کر دینے کے درپے ہیں لیکن اپنے وطن کی  تعمیر میں حصہ ڈالنے کو تیار نہیں ہیں ۔ہم پوری دنیا کو اخلاقیات اور دینیات کے سبق پڑھانے کو بے چین ہیں لیکن اپنے نا خواندہ بچوں کی تعلیم کا کوئی بندوبست نہیں کر رہے۔ہماری اپنی اندرونی اور بیرونی سرحدیں خطروں کا شکار ہیں ہماری اپنی کشتی بھنور میں ہے اور امت کی کشتی کو کنارے لگانے کے خواب دیکھ رہے ہیں۔بلکہ شائد ایک خواب کے نتیجے میں وجود میں آنے والے ملک میں آج تک ہم خواب ہی دیکھ رہے ہیں کبھی لال قلعہ پر جھنڈے لگانے کے ،کبھی کشمیر آزاد کرنے کے ،کبھی امت کی سربراہی کے خواب اور صرف خواب ۔
میری دعا ہے آج کے دن ہم نیند سے جاگ جایئں اور خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لئے بھی کچھ کریں ۔آئیں اس جشن آزادی پر صرف خواب غفلت سے جاگنے کا ہی عہد کر لیں ،اپنی سمت درست کرنے کا عہد کر لیں، اپنی ترجیحات کا تعین کر لیں اور اپنے ناراض دوستوں کو ساتھ ملانے کا عہد کریں ایک نیا آغاز کریں ۔جشن آزادی مبارک 
پاکستان پائندہ باد 

Comments